Friday, April 26, 2024

وزیراعظم عمران خان کا اپوزیشن کے مطالبے پر مستعفی ہونے سے انکار

وزیراعظم عمران خان کا اپوزیشن کے مطالبے پر مستعفی ہونے سے انکار
October 23, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے مطالبے پر مستعفی ہونے سے انکار کر دیا اور کہا معاملے کو سیاسی طور پر حل کرنا چاہتے ہیں ۔ سینئر صحافیوں اور تجزیہ کاروں سے ملاقات میں وزیراعظم عمران نے کہا وہ نہیں جانتے کہ فضل الرحمٰن کا مسئلہ کیا ہے؟ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کا مخصوص اور بیرونی ایجنڈا ہے۔ مولانا کے پیچھے کوئی بیرونی قوت ہو سکتی ہے ۔ عمران خان نے کہا کچھ لوگ این آر او چاہتے  ہیں، ہم نے دھرنا چار حلقے کھولنے کیلئے دیا تھا۔ حکومت نے کسی کو پکڑ دھکڑ کا حکم نہیں دیا۔ انہوں نے کہا مہنگائی اور بے روزگاری بہت بڑا مسئلہ ہے۔ خاتمےکیلئے سر توڑ کوششیں کررہے ہیں۔ حکومتی اقدامات سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ، روپےکی قدر مستحکم ہو رہی ہے۔ پاک بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پلواما طرز کے واقعے کا خطرہ ابھی تک ہے۔ بھارت سے اب اتنا خطرہ نہیں جتنا پہلے تھا۔ پاکستان نے بھارت کو کشمیر میں جنگ شروع کرنے کا موقع نہیں دیا۔ بھارتی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا امریکی کانگریس میں کشمیر پر بحث ہونا خوش آئند ہے۔ خواہش ہے سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ کی پاکستان میں میٹنگ ہو۔