Friday, May 10, 2024

وزیراعظم عمران خان چار روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان چار روزہ سرکاری دورے  پر بیجنگ پہنچ گئے
April 25, 2019

بیجنگ (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان چار روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ۔ بیجنگ میں میونسپل کمیٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مس لی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
شیخ رشید، فیصل واوڈا، عبد الحفیظ شیخ، رزاق داؤد اور چیئرمین ٹاسک فورس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹرعطا الرحمان وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ کئی اہم ملاقاتیں شیڈول میں شامل ہیں جبکہ کئی منسوخ کر دئ گئی ہیں۔
وزیراعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔ دوسرے سیشن سے خطاب بھی کریں گے ۔ وزیراعظم چینی صدر سے آج جبکہ چینی نائب صدر سے ہفتے کے روز 27 اپریل کو ملاقات کریں گے۔ 28 اپریل کو چینی صدر سے ون آن ون ملاقات ہو گی ۔ وزیراعظم مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کریں گے ۔
وزیراعظم کی آفیشل ملاقاتوں کا سلسلہ آج سے شروع ہو گا ۔ وزیراعظم عمران خان سے ورلڈ بینک کی سی ای او اور آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کی ملاقات ہو گی ۔ ہواوے کمپنی کے سی ای او سے ملاقات بھی شیڈول ہے ۔ پاک چین ٹریڈ انویسٹمنٹ فورم وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ دے گا ۔
عمران خان چین کی ثقافتی نمائش 2019 میں شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ کار بنانے والی نجی کمپنی کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے ۔ وزیراعظم 29 اپریل کی صبح وطن واپس پہنچیں گے ۔