Tuesday, May 21, 2024

وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا
October 13, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کے مقامی تعلیمی ادارے میں پودا لگایا۔ وزیر اعظم اسکول پہنچے تو گلوبل وارمنگ سے متعلق طالبات سے سوالات بھی کیے اور طالبات کو مفید لیکچر بھی دیا۔ کلین اینڈ گرین پاکستان تقریب سے خطاب کرتے ہوئےعمران خان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ملکوں میں پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔ سر سبز پاکستان کا مطلب ماحول کی آلودگی صاف کرنا ہے ۔ درخت لگانے سے زیر زمین پانی  کی سطح اوپر آئے گی۔ وزیراعظم عمران  خان نے مزید کہا خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے۔ اب 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے۔ یورپ میں آلودگی کم  اور دریا صاف ہیں۔ یہاں لوگ دریاؤں میں آلودگی پھیلاتے ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو تلقین کی کہ شہری بڑھ چڑھ کر مہم میں حصہ لیں اور اپنے حصے کا پودا ضرور لگائیں۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کی گرین پاکستان مہم میں مختلف ادارے حصہ بن گئے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف نے بھی سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر ایک لاکھ 80 ہزار تیمر کے پودے لگانے کا آغاز کر دیا۔ ڈبلیو ڈبیلو ایف کے علاقائی سربراہ ڈاکٹر بابر خان نے کہا پودے لگا کر ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔