Friday, May 17, 2024

وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں ناظم جوکھیو کے قتل کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں ناظم جوکھیو کے قتل کا نوٹس لے لیا
November 6, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں ناظم جوکھیو کے قتل کا نوٹس لے لیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل سے رابطہ کر کے تفصیلات حاصل کیں۔

گورنر نے وزیراعظم کو پولیس کی تفتیش سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے مقتول کے اہلخانہ کو مکمل قانونی معاونت کرنے کی ہدایت کی۔

سندھ اسمبلی میں قائدحزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سردار گردی جاری ہے، سرداروں کی ذاتی جیلیں اورعقوبت خانے ہیں۔ جام آف ملیر اب کلرز آف ملیر بن گئے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ انہوں نے قتل نہیں کیا تھا پھر بھی ان پر دہشت گردی کی دفعات لگائی گئیں۔ سوال کیا کہ ناظم جوکھیو کے قتل میں دہشت گردی کی دفعات کیوں شامل نہیں کی گئیں۔

قائدحزب اختلاف نے کہا کہ جے آئی ٹی کے نام پر کیس مکاؤ کمیٹی بنادی گئی، اس کیس کو سپریم کورٹ تک لڑینگے۔

دوسری جانب پولیس ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد دو ملزمان کوتاحال گرفتارنہیں کرسکی۔ کیس میں پانچ ملزمان نامزد ہیں، جن میں سے رکن سندھ اسمبلی سمیت تین ملزمان کو ہی گرفتار کیا جاسکا ہے۔