Tuesday, April 23, 2024

وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کر دیا
October 17, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) نئے پاکستان کے سفر میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ کنونشن سینٹر اسلام آباد میں افتتاحی تقریب میں وزرا اور دیگر شخصیات کی شرکت ہوئی۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا عثمان ڈار کو کامیاب جوان پروگرام کے پہلے فیز کیلئے مبارکباد دیتا ہوں۔ کامیاب جوان پروگرام میں سب سےاہم چیزمیرٹ ہے۔ دنیا میں وہ قومیں آگے بڑھتی ہیں جن میں میرٹ کا سسٹم بہتر ہوتا ہے۔ میرٹ ہی جمہوری نظام کا خاصہ ہے۔ گارنٹی دیتا ہوں کہ کسی کو میرٹ سے ہٹ کر قرضہ نہیں دیا جائے گا۔ فضل الرحمٰن کے لوگوں کو بھی قرضے دینے کیلئے تیار ہیں اگر وہ میرٹ پر آگئے۔ عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت کو چودہ ماہ ہو گئے، سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ لوگ ٹیکس نہیں دیتے۔ تاجر بھی ٹیکس دینے کیلئے تیار نہیں۔ خوددار قوم اپنے پیروں پر کھڑی ہوتی ہے، بھیک مانگ کر خوددار قوم نہیں بنتی۔ تبدیلی آہستہ آہستہ آ رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا پروگرام سے بے روزگاری سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ قرضے دینے کیلئے 100 ارب روپے کے فنڈز مختص کیئے گئے ہیں۔ لاکھوں نوجوان پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ دس ہزار سے 50 لاکھ روپے تک قرض دیا جائے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا سارے پاکستان کیلئے یوتھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن بنانے لگے ہیں۔ پورے ملک کے نوجوان ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔ نوجوان ایک دوسرے سے نئی سے نئی معلومات لے سکیں گے۔ اس پروگرام کو وزیراعظم ہاؤس سے مانیٹر کیا جائے گا۔ عمران خان بولے ہمارے 3 پروگرام اور بھی آرہے ہیں۔ ایک پروگرام گرین یوتھ موومنٹ ہے۔ پاکستان کوصاف اور سبز پاکستان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوجوانوں کو ہر جگہ سے ممبرشپ کریں گے۔