Friday, May 10, 2024

وزیراعظم عمران خان نے ون ونڈو احساس سنٹر کا افتتاح کردیا

وزیراعظم عمران خان نے ون ونڈو احساس سنٹر کا افتتاح کردیا
June 9, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ون ونڈو احساس سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم نے ون ونڈو کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے ستارہ مارکیٹ اسلام آباد میں پہلے ون ونڈو احساس سنٹر کا افتتاح کردیا۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ فلاحی ریاست کی جانب ایک بنیادی قدم ہے۔ اس پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت طالب علموں کو دی جانے والی سکالر شپس کو ایک ڈیٹا بیس پر لایا جائے۔ جب اعدادوشمار دستیاب ہوں گے تو اہداف کا تعین کرنے میں آسانی ہو گی۔

معاون خصوصی برائے سماجی بہبود و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو ون ونڈو سنٹر اور احساس ون ونڈو منصوبے پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ یہ پروگرام جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو گا جس کے تحت قابل اور ضرورت مند طالب علموں کو سکالر شپس بھی دی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ہر ضلع میں احساس ون ونڈو سنٹر قائم کرنے کے وزیراعظم کے وعدے کو عملی جامہ پہنائیں گی۔ اس پروگرام کے تحت قلیل مدت میں رجسٹریشن اور ریکارڈ دستیاب ہو گا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے پودا بھی لگایا۔