Friday, May 17, 2024

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کرلیا

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کرلیا
October 31, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 ) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کرلیا۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کالعدم جماعت سے مذاکرات اورحکمت عملی پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ وزیراعظم کالعدم جماعت کے مارچ اور مطالبات سے متعلق اپنا موقف کابینہ کے سامنے رکھیں گے۔

کابینہ کے اجلاس میں 15 نکاتی ایجنڈہ پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں کامرس، اطلاعات و نشریات کے شعبوں میں خالی آسامیوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ ونٹیج کار کی امپورٹ پر پابندی ایک بار اُٹھانے کی منظوری دی جائے گی۔

کابینہ اجلاس میں گھروں کی تعمیر سے متعلق 1973 کے رولز آف بزنس میں ترمیم کی منظوری دی جائے گی۔ بریگیڈیر ر شجاع الحسن کی بطور سی ای او پاکستان سٹیل ملز کی دوبارہ تعیناتی کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کی تعمیر نو کی منظوری دی جائے گی۔ شیخ زید پوسٹ گریجوائیٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ لاہور اور پمز کے بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن کی ذیلی کمپنیوں کے بورڈز میں ایکس آفیشو ڈائریکٹرز کی نامزدگیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ جنرل پاور جنریشن کمپنی، گدو کے چیف ایگیزیکٹیو کی تعیناتی اور لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی کے سی ای او کو اضافی ذمہ داری سونپی جانے کی منظوری دی جائے گی۔ فیسکو کے چیف ایگزیکٹیو کی تعیناتی کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

آئندہ 4 سال کے لیے پاکستان انجیئرنگ کونسل کی گورننگ باڈی کے ممبران کی نامزدگی کی جائے گی، ای سی سی اور کابینہ لیجیسلیٹیو کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔ سیکٹر ای 12 اسلام آباد کے ڈویلپمنٹ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔ کابینہ کو رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی کے معاشی اعشاریوں پر بریفنگ دی جائے گی۔