Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم عمران خان نے محنت کش طبقے کو گھر اور فلیٹس الاٹ کردیئے

وزیراعظم عمران خان نے محنت کش طبقے کو گھر اور فلیٹس الاٹ کردیئے
March 18, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا ایک اور غریب دوست اقدام، قرعہ اندازی کے ذریعے محنت کش طبقے کو گھر اور فلیٹس الاٹ کردیئے۔

اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت الاٹمنٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ہم کسی پر احسان نہیں کررہے یہ محنت کشوں کا حق ہے، کمزور طبقے کو اوپر اٹھا کر رکھیں گے، خصوصی قانون کے تحت اب بینک قرضے دے رہے ہیں۔

عمران خان نے 25 سال پرانے منصوبے کو مکمل کرنے پر اپنی ٹیم کی تعریف کی۔ کہا کہ زلفی بخاری اور ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، 25 سال پرانے پراجیکٹ کو حقیقت بنا دیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہروں کے اندر مزدور، محنت کش، تنخواہ دار، سرکاری ملازم کے لیے اپنا گھر خریدنا ناممکن ہے، اب بینکس پوری طرح اس میں شامل ہیں، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں تین لاکھ روپے حکومت  ہر گھر اور فلیٹ پر سبسڈی دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا، حکومت یقینی بنائے گی سود 5 فیصد سے اوپر نہ جائے، کم لوگوں کے پاس اپنے گھر ہیں، یقین دلاتا ہوں جیسے جیسے حکومت کی آمدنی بڑھتی جائے گی ہم ہاؤسنگ پر اور زیادہ پیسہ لگاتے جائیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا، پہلی دفعہ ملک میں  کنسٹرکشن انڈسٹری کےلیے آسانیاں پیدا کی گئیں، کورونا وبا کے باوجود پاکستان آج بچا ہوا ہے تو اس کی وجہ کنسٹرکشن کی انڈسٹری ہے۔ اس سے سب سے زیادہ روزگار ملتا ہے اور ملک کی دولت میں اضافہ ہوگا۔ کسنٹرکشن انڈسٹری ایسا سیکٹر ہے جو اکیلا ہی ملک کی معیشت کو اُٹھا سکتا ہے۔