Friday, May 17, 2024

وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں مصروف ترین دن گزارا

وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں مصروف ترین دن گزارا
February 12, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں مصروف دن گزارا۔ وزیراعظم نے لاہور میں اربن فاریسٹ کے منصوبے کا افتتاح کیا، وزیراعلیٰ سے بھی ملے، مختلف اجلاسوں کی صدارت بھی کی۔

وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں مصروف دن گزارا، جیلانی پارک میں پودا لگا کر اربن فاریسٹ منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی ختم کرنے کے لیے سبزے میں اضافہ کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی اور صوبے کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی امور پرتبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم سے وزیراعلیٰ کے اسپیشل کوآرڈی نیٹر برائے سیاسی امور عون چودھری نے ملاقات کی اور سیاسی صورتحا ل پربریفنگ دی۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سبزیوں و فروٹ منڈیوں کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں آٹے کی قیمت کنٹرول کرنے پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم نے کسانوں کو سبسڈی دینے کے لیے اقدامات اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔

ہیلتھ انشورنس سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم کو یونیورسل ہیلتھ پروگرام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔