Tuesday, May 21, 2024

وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
September 2, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا مراد سعید اور این ایچ اے کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ موٹروے بہت اہم پیشرفت ہے۔ تجارت میں گوجرانوالہ،وزیر آباد، گجرات اور سیالکوٹ بڑے اہم ہیں۔ آمدنی میں اضافے کے بغیر ہم قرضے نہیں اتار سکتے۔ سیالکوٹ کھاریاں موٹروے منصوبہ بہت اہم ہے۔ ہمارا سارا زور کاروبار بڑھانے میں ہے۔ کاروبارکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت ہے۔ پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا سوات موٹروے کے بہت فائدے ہو رہے ہیں۔ سوات موٹروے نے اس علاقے کو کھول دیا ہے۔ عید کی چھٹیوں کے دوران سوات میں لاکھوں گاڑیاں گئیں۔ ہماری آبادی کو بوجھ نہیں بننا چاہیے۔ اسی آبادی سے فائدہ بھی اٹھا سکتے ہیں۔ پہلے ادوار میں بنائے گئے موٹرویز سے ملک کو زیادہ فائدہ نہیں ہوا۔

 وزیراعظم بولے سیاحت بہت بڑا شعبہ ہے ۔ سوات موٹروے کے دوسرے فیز سے بیرونی سیاحت بھی آئے گی۔ ڈالر بنانے کے لیے سیاحت اور ایکسپورٹ میں اضافہ کرنا ہو گا۔ وہ جو کہتے تھے ہم سڑکیں بنا رہے ہیں ان سے زیادہ ہم نے بنائیں۔ سڑکوں کی کمیشن سے لندن میں فلیٹس بنائے گئے۔