Friday, April 26, 2024

وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کی دورہ سعودی عرب کی دعوت قبول کر لی

وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کی دورہ سعودی عرب کی دعوت قبول کر لی
April 3, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں مذید بہتری آگئی، خطوط کے تبادلوں کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دورہ سعودی عرب کی دعوت قبول کر لی۔

ایک سال سے تناؤ کا شکار پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری کے آثار نظر آنے لگے۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دورہ سعودی عرب کی دعوت قبول کرلی۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں تصدیق کردی۔

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے چند روز قبل وزیرِ اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا تھا جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے کے عزم کے علاوہ عمران خان کو سعودی عرب کے دورے کی بھی دعوت دی گئی تھی۔ محمد بن سلمان نے ٹیلی فون کال میں کرونا وبا کا شکار ہونے والے وزیرِ اعظم عمران خان سے اُن کی خیریت دریافت کی تھی۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے ولی عہد کی جانب سے حال ہی میں اعلان کیے گئے ’گرین سعودی اقدام‘ اور ‘گرین مڈل ایسٹ اقدام‘ کی تعریف کی۔ عمران خان نے پاکستان کے’ 10 بلین ٹری سونامی‘ پراجیکٹ پر روشنی ڈالی اور کہا تھا کہ یہ ایکو سسٹم کو بحال کرنے اور ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ سرکاری حکام کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان جلد سرکاری دورے پر سعودی عرب جائیں گے۔