Saturday, May 18, 2024

وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج بلا لیا

وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج بلا لیا
June 17, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج بلا لیا۔

 اجلاس میں سیاسی صورتحال، بجٹ اور اپوزیشن کے احتجاج کے متعلق مشاورت ہو گی۔ ذرائع کے مطابق ایوان کی کارروائی بہتر بنانے کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

گزشتہ روز متحدہ اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اپوزیشن کے قائدین کی بیٹھک میں اہم مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا تھا۔ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کیلئے کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا ۔ اپوزیشن قائدین کا کہنا تھا اسپیکر اپنی آئینی، قانونی، جمہوری اور پارلیمانی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے۔ اپوزیشن نے اسپیکر کا سات ارکان پر پابندی کا فیصلہ بھی مسترد کر دیا۔

ادھر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان میں ہنگامہ آرائی اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے والے سات ممبران پر پابندی لگا دی تھی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر نے یہ کارروائی اسمبلی کے قواعد وضوابط کے تحت کی جس کے مطابق ممبران پر یہ پابندی اگلے احکامات آنے تک جاری رہے گی۔ جن اراکین پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں علی نواز اعوان، عبدالمجید خان ، فہیم خان، شیخ روحیل اصغر، علی گوہر خان، چوہدری حامد حمید اور آغا رفیع اللّٰہ شامل ہیں۔