Friday, April 19, 2024

وزیراعظم عمران خان نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم عمران خان نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نوٹس لے لیا
June 27, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نوٹس لے لیا۔ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔ وزیرِ اعظم آفس سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ مقامی اور مخصوص قوانین پر مکمل عملدرآمد کے ذریعے سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا اور عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنا فیلڈ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ مراسلے کے مطابق متعلقہ اہلکاروں کے درمیان باہمی روابط کا فقدان، قوانین کا سطحی علم اور غیر موثر عمل درآمد کی روش نے جہاں متعلقہ قوانین کو غیر موثر بنا دیا ہے وہاں عام آدمی کی مشکلات میں اضافے کا سبب بنا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قیمتوں کے کنٹرول سے متعلق قوانین پر موثر عمل درآمد کے لئے فوری طور پر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ پرائس اور مارکیٹ کمیٹیوں کو مزید موثر بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیرِ اعظم نے فیلڈ افسران کو ہول سیل مارکیٹوں کا دورہ کرنے اور نیلامی کے دوران قیمتوں کے مناسب تعین کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ عمران خان نے کہا کہ تمام صوبائی سیکرٹریز متعلقہ اضلاع میں خود اچانک دورے کرکے قیمتوں کی جانچ پڑتال کریں۔ اسپیشل برانچ کو روازنہ کی بنیاد پر ان احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ متعلقہ وزیرِ اعلیٰ اور چیف سیکریٹری کو پیش کریں۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرنے والے غیر ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی جانب سے باقاعدگی سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی فہرستیں جاری کی جائیں اور ان پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اس مہم کی کامیابی کے لئے جزا و سزا پر مبنی کارکردگی جانچنے کا پیمانہ بھی مقرر کیا جائے۔ تمام صوبائی حکام کو سات دنوں میں وزیرِ اعظم کے ان احکامات پر عمل درآمد کے سلسلے میں پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا۔