Friday, April 26, 2024

وزیراعظم عمران خان قطر کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان قطر کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے
February 27, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان قطر کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی زلفی بخاری ساتھ تھے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم اور امیر قطر میں ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کی گئی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم اور امیر قطر کا سماجی اور معاشی پارٹنر شپ مزید مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا۔ وزیراعظم نے امریکا اور طالبان کے مابین معاہدے میں قطر کے کردار کو سراہا۔ افغان امن معاہدے پر 29 فروری کو دستخط ہوں گے۔

 اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا افغان مفاہمتی عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے امیر قطر کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا آر ایس ایس نظریات پر گامزن مودی حکومت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے۔ بھارت میں جاری مسلم مخالف فسادات پر گہری تشویش ہے۔ ہندوتوا نظریہ سے متاثر بھارتی حکومت فسادات کی ذمہ دارہے۔