Friday, April 19, 2024

وزیراعظم عمران خان سے ڈیبی ابراہمز کی قیادت میں برطانوی پارلیمانی وفد کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے ڈیبی ابراہمز کی قیادت میں برطانوی پارلیمانی وفد کی ملاقات
February 19, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے ڈیبی ابراہمز کی قیادت میں برطانوی پارلیمانی وفد کی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر فوکس کرنے پر برطانوی گروپ کو سراہا اور مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے وفد کو بتایا کہ بھارت نے 5 اگست کو غیر قانونی طریقے سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ 80 لاکھ کشمیری گزشتہ 6 ماہ سے بدترین لاک ڈاؤن کا شکار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے شہریوں سے بھارت نے تمام حقوق اور آزادی چھین لی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات اور اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ آر ایس ایس سے متاثر بی جے پی حکومت کشمیریوں کے حقوق سلب کر رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔ صرف مقبوضہ کشمیر کا حل ہی خطے میں امن اور استحکام کی ضمانت ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارتی جرائم سے متعلق معاملات اٹھائے۔ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔