Saturday, April 27, 2024

وزیراعظم عمران خان سے ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی ملاقات
March 12, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے اتحادی جماعت ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی ملاقات ہوئی۔ چودھری شجاعت کی قیادت میں ق لیگ کا وفد بھی وزیراعظم آفس پہنچا۔ اتحادیوں کے شکوے دور کرنے کے لیے وزیراعظم خود میدان میں آگئے۔ تمام حکومتی اتحادیوں سے ملاقات کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر اعظم آفس میں مسلم لیگ ق کے قائد چوہدری شجاعت حسین کی ملاقات ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ اور معاون خصوصی نعیم الحق بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق ق لیگ قیادت نے صوبے اور مرکز میں اپنے وزراء کے تحفظات کا معاملہ اٹھایا جسے وزیر اعظم نےدور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔  چوہدری شجاعت حسین نے  موجودہ صورتحال کے دوران وزیر اعظم کے قائدانہ کردار کی تعریف بھی کی۔ حکومتی اتحادی جماعت نے وفاق میں مزید ایک وزارت اور پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی بھی مانگ لی جس کی دوڑ میں مونس الہی اور چوہدری سالک شامل ہیں۔ وزیراعظم مرحلہ وار متحدہ قومی موومنٹ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور بلوچستان عوامی پارٹی کے وفود سے بھی  ملاقاتیں کریں گے جن میں ان کے تحفظات کو دور کیا جائیگا۔