Tuesday, April 16, 2024

وزیراعظم عمران خان سے اوآئی سی انسانی حقوق کمیشن کے وفد کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے اوآئی سی انسانی حقوق کمیشن کے وفد کی ملاقات
August 5, 2021 ویب ڈیسک Urdu Version

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے اوآئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کے وفد نے ملاقات کی، وزیراعظم کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اظہارِتشویش کیا۔

وزیراعظم کا کہنا ہے گزشتہ 2 سال میں انسانی حقوق کی صورتحال تشویشناک ہوچکی ہے، 5 اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں تیزی آئی۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگ یواین قراردادوں کے تحت حق خود ارادیت کامطالبہ کررہے ہیں۔

عمران خان نے کہا، بھارتی حکومت نے ڈھٹائی سے کشمیریوں کیساتھ وحشیانہ سلوک کیا، کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل، تشدد کرکے معذور کیا گیا۔ بڑی تعداد میں حریت پسند رہنماؤں کو بھی حراست میں لیا گیا۔

اُنہوں نے کہا، پیلٹ گن کے اندھا دھند استعمال سے کشمیری نوجوان بینائی کھوبیٹھے، ظلم کا ہر حربہ استعمال کرکے بھی بھارت کشمیریوں کی تحریک دبانے میں ناکام رہا۔

وزیراعظم نے کشمیر کیساتھ فلسطین کی تازہ صورتحال پر بھی بات چیت کی، انہوں نے کہا، کشمیر اور فلسطین کا معاملہ تاریخ کی سب سے بڑی ناانصافی ہے، اوآئی سی اور اقوام عالم اس معاملے پر کردارادا کریں۔

وزیراعظم نے ملاقات میں بھارتی رجیم اور ہندوتوا نظریےپر کھل کر بات کی، کہا کہ، کشمیری مسلمانوں کو بھارتی قبضے، جبر سے آزادی کے مطالبے پر نشانہ بنایا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو حق خودارادیت کیساتھ مذہبی آزادی سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اکثریت، الگ شناخت کھونے کا خطرہ ہے، کشمیر کی تازہ صورتحال جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی، جنگی جرائم کے مترادف ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اوآئی سی انسانی حقوق کمیشن کے وفد کی حالیہ خدمات کو سراہا اور کہا کہ، اوآئی سی مضبوط اور مؤثر آواز کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے۔

وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے مسائل پر بات کی۔ اُمت مسلمہ کواسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔