Thursday, April 18, 2024

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے
October 26, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔ سعودی نائب وزیرخارجہ نے الوداع کیا۔

وزیراعظم عمران خان سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات ہوئی ۔۔ خطے کی صورتحال، افغانستان میں امن و استحکام کے قیام میں پاکستان کے مثبت کردار اوردو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعظم نے مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو کانفرنس کے انعقاد کوسراہا۔

وزیراعظم عمران خان کی بحرین کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات ریاض میں " مشرق وسطیٰ کے سبز اقدام " سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔

ملاقات میں دوطرفہ اہمیت کے مختلف اُمور اور افغانستان کی تازہ ترین پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے اعظم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان اور بحرین کے تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار کو مزید تقویت دینے کے لیے باقاعدہ اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ایک پُرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انسانی بحران کو روکنے، معاشی تباہی سے بچنے اور افغانستان میں طویل مدتی ترقی اور استحکام کی حمایت کے لیے عالمی برادری کا کردار اہم ہے۔ وزیراعظم نے افغان عوام کی مدد کے لیے افغانستان کے منجمد اثاثوں کی رہائی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

شہزادہ سلمان بن حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے کہا، بحرین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے اور اسے تمام جہتوں میں اپ گریڈ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

دونوں وزرائے اعظم نےمختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے  پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے شہزادہ سلمان بن حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔