Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر دوشنبے تاجکستان روانہ

وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر دوشنبے تاجکستان روانہ
September 16, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر دوشنبے تاجکستان روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم اسلام آباد سے دوشنبے تاجکستان کے لئے روانہ ہوئے۔

شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، علی زیدی، عبدالرزاق داؤد اور معید یوسف بھی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ موجود ہیں۔ عمران خان شنگھائی تعاون کانفرنس کے سربراہی اجلاس میں شرکت اور بزنس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ عمران خان افغانستان کےمعاملےپرعالمی برادری کو آگاہ کریں گے

 وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے وزیراعظم کے دورہ تاجکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم آج اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے روانہ ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم کا دورہ دو حصوں پر محیط ہے۔ پہلے حصے وزیراعظم ایس سی او کے 20 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر دیگر رکن ممالک کے سربراہان بھی موجود ہوں گے۔ دورہ کے موقع پر وزیراعظم کی ایران کے سربراہ مملکت، چین کے وزیر خارجہ اور وسطی ایشیاء کی اہم قیادت کے ساتھ ملاقاتیں ہوں گی۔ وزیراعظم عمران خان کی روس کے صدر پیوٹن کے ساتھ ملاقات طے تھی۔ صدر پیوٹن قرنطینہ میں ہونے کی وجہ سے دوشنبے نہیں آ رہے۔ صدر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان کی فون پر تفصیلی بات ہوئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور صدر پیوٹن کے درمیان ملاقات جلد متوقع ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان کو تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف نے تاجکستان کے دورہ کی دعوت دی تھی۔ تاجکستان اور پاکستان کے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیراعظم عمران خان تاجکستان میں ہونے والی بزنس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ بزنس کانفرنس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان کاروباری روابط کو بڑھانے پر بات ہو گی۔ افغانستان کی صورتحال اس کانفرنس کا کلیدی حصہ رہے گی۔

انہوں نے کہا تاجکستان کا افغانستان کے حوالے سے کردار اہم ہے۔ ہم اس کردار کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔ تاجکستان کے دورہ کے دوران افغانستان میں مستحکم اور جامع حکومت کے بارے میں ہمارے نظریہ کو تقویت ملے گی۔