Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے
October 13, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے استقبال کیا۔ عمران خان کی جواد ظریف سے ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسلم امہ بالخصوص سعودی عرب اور ایران میں امن و امان اور کشیدگی کے خاتمہ کے لئے پاکستان ثالثی کے روپ میں سامنے آگیا۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم پاکستان ایک روزہ دورہ کے دوران ایران قیادت سے ملاقاتیں کرینگے۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی اور ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقاتیں ہونگی۔

ملاقاتوں کے دوران خلیج میں امن،سکیورٹی امور، باہمی دلچسپی، علاقائی صورتحال کے امور زیرغورآئیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا اس سال ایران کا یہ دوسرا دورہ ہے اور اس کا مقصد خطے میں امن اور استحکام لانا ہے۔

وزیر اعظم دورہ ایران سے واپسی کے بعد وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کرینگے اور پھر سعودی عرب کا دورہ کرینگے۔ وزیر اعظم سعودی ولی عہد اور فرمانرواہ سے ملاقاتیں کرینگے جس میں ایرانی قیادت سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کریں گے۔

یاد رہے کئی ماہ سے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی چل رہی ہے ۔ کچھ ہفتے پہلے سعودی عرب کے تیل کے ذخائر پر حملوں کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا ۔ ایسے میں پاکستان کا بطور ثالثی سامنے آنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔