Tuesday, May 21, 2024

وزیر اعظم کی ملائیشین ہم منصب سے ملاقات، مسئلہ کشمیر پر آواز اٹھانے پر شکریہ ادا کیا

وزیر اعظم کی ملائیشین ہم منصب سے ملاقات، مسئلہ کشمیر پر آواز اٹھانے پر شکریہ ادا کیا
February 4, 2020
پتراجایا ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان اور ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد مابین ون آن ون ملاقات  ہوئی ، وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر پر آواز اٹھانے پر ڈاکٹر مہاتیر محمد کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم مہاتیر بن محمد نے  پرائم منسٹر آفس آنے پر وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد  کا استقبال کیا،وزیراعظم عمران خان نے ،  ملیشین پرائم منسٹر آفس میں ، مہمانوں کی کتاب پر تاثرات قلم بند کیے۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کہا کہ  پاکستانی ہم منصب سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا اعادہ کیا گیا ہے، پاکستان اور ملائیشیا نے مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ہے، ہر سطح پر رابطوں میں فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔ ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کہا کہ ہم ثقافتی طور پر ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں، عمران خان سے عالمی معاملات پر بات چیت ہوئی ،مسئلہ کشمیر ،دفاع، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا ، مسلم امہ کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی ، معاشی شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا، تعلقات کے فروغ کیلئے ہر طرح کے دوروں پر اتفاق ہوا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، مقبوضہ کشمیر میں سیاسی رہنما گرفتار، نوجوانوں کو قید کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا، ملائیشیا مقبوضہ کشمیر کے لیے آواز اٹھا رہا ہے جس پر ڈاکٹر مہاتیر محمد  کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ملائیشیا میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت نہیں کرسکا،   دونوں ممالک کے عوام میں مضبوط تعلقات ہیں ،دورے کا مقصد باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے ، ہم ثقافتی طور پر ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔