Sunday, May 19, 2024

وزیراعظم عمران خان آج قوم سے اپنا پہلا خطاب کریں گے

وزیراعظم عمران خان آج قوم سے اپنا پہلا خطاب کریں گے
August 19, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) نو منتخب وزیراعظم عمران خان آج قوم سے بطور وزیراعظم اپنا پہلا خطاب کریں گے ۔ الیکشن جیتنے کے بعد کپتان کی وکیٹری سپیچ نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک مثبت اثر ڈالا۔ مخالفین بھی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے۔ پھر آیا وہ دن جس دن عمران خان باقاعدہ وزیراعظم منتخب ہوئے اور پارلیمنٹ میں بھی عمران خان نے ایک تقریر کی۔ اس تقریر پر ناقدین نے تنقید کے نشتر برسائے اور خدشات کا اظہار بھی کیا۔ کپتان کے جارحانہ رویے کے بعد حلف اٹھایا اور پنجاب کے وزیر اعلی کے ساتھ ساتھ کابینہ کے ناموں کی منظوری دی جس پر قوم نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ کسی نے مجبوری کہا تو کسی نے اسے کمپرومائز کا نام دیا۔ بطور وزیراعظم وہ قوم سے پہلا خطاب کرنے جارہے ہیں جس میں اپنی 100 روزہ پالیسی کی وضاحت کریں اور قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ پوری قوم آج کپتان کی طرف دیکھ رہی ہے کہ کپتان کیا کہیں گے اور جو کہیں گے اس پر عمل کب سے شروع کریں گے یا پھر قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا جائے گا۔ پورے پاکستان کو انتظار ہے کہ کپتان اپنے اس خطاب میں کیا کہیں گے، کون سی پالیسی کا اعلان کریں گے۔ امید اور آس لئے عوام عمران خان کے اس تاریخی خطاب کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔