Thursday, May 9, 2024

وزیراعظم عمران خان 67 برس کے ہو گئے

وزیراعظم عمران خان 67 برس کے ہو گئے
October 5, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان 67 برس کے ہو گئے۔ تحریک انصاف کے کارکنان نے پارٹی سربراہ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عمران احمد خان 5 اکتوبر 1952 کو لاہورمیں پیدا ہوئے۔ وہ والدین کے اکلوتے  بیٹے اور چار بہنوں کے واحد بھائی ہیں ۔ تعلق نیازی قبیلے سے ہے۔ ایچی سن کالج اور کیتھڈرال سکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی ۔ کبلی کالج آکسفورڈ سے معاشیات کی انڈر گریجویٹ ڈگری حاصل کی۔ انھوں نے تین شادیاں کیں ۔ عمران خان 18 سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوئے۔ اسی سال انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف 1971ء سیریز سے کیا۔ انہوں نے 1982 اور 1992 کے درمیان ٹیم کے کپتان کے فرائض بھی سر انجام دیے۔  ان کی قیادت میں پاکستان  کرکٹ ٹیم 1992ء کے ورلڈ کپ میں فتح یاب ہوئی۔ عمران خان نے 25 اپریل 1996 کو تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔ 2002 میں میانوالی سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے ، 2008 میں الیکشن کا بائیکاٹ کیا۔ 2013 میں ان کی جماعت ایک بڑی  سیاسی قوت  بن کر سامنے آئی اور خیبرپختون خواہ میں حکومت بنائی۔ انتخابات 2018 میں  عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی۔ عمران خان نے اپنے پانچوں حلقوں  سے کامیابی حاصل کی۔ عمران خان پاکستان کے بائیسویں وزیراعظم منتخب ہوئے ۔ انہوں نے  18 اگست 2018 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔