Sunday, September 8, 2024

وزیراعظم عمران خان 28 نومبر کو کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھیں گے ، شاہ محمود

وزیراعظم عمران خان 28 نومبر کو کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھیں گے ، شاہ محمود
November 22, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان نے کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ کرلیا ،وزیراعظم عمران خان اٹھائیس نومبر کو کرتار پور کھولنے کا سنگ بنیاد رکھیں گے  ۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستانی اقدام پر بھارتی خیرمقدم دونوں ملکوں میں امن پسندوں کی فتح ہے جبکہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ   پاکستان، بھارت کو کرتارپور سرحدی گزرگاہ کھولنے کے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کرچکا ہے۔ اپنے ہمسائے سے تعلقات بہتر بنانے کے لئے پاکستان ایک  اورقدم آگے بڑھا اور  کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ کر لیا ۔ 28 نومبرکو وزیراعظم عمراں خان باضابطہ افتتاح کریں گے ۔ وفاقی وزیراطلاعت ونشریات فواد چودھری نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور راہداری کھلنے کا سب سے زیادہ فائدہ سکھ کمیونٹی کو ہوگا ،سدھو کے دورہ پاکستان کے موقع پر آرمی چیف نے تجویز دی تھی ۔ دوسری طرف  وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان، بھارت کو کرتارپور سرحدی گزرگاہ کھولنے کے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کرچکا ہے ، بابا گرونانک کے 550ویں سالگرہ پر کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کے جذبہ خیرسگالی پر بھارت سے پہلا مثبت ردعمل سامنے آیا ہے ،کرتارپور بارڈر کھولنے کی تجویز پر بھارتی دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستان کو  شکریے کا خط بھیجا گیا ہے ۔ پاکستانی اقدام پر بھارتی خیرمقدم دونوں ملکوں میں امن پسندوں کی فتح ہے ، توقع ہے سرحد کے دونوں جانب امن پسند قوتوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔