Friday, March 29, 2024

وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو ریاض پہنچیں گے

وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو ریاض پہنچیں گے
October 19, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سعودی عرب میں مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات پر 3 روزہ کانفرنس میں شرکت کیلئے 23 اکتوبر کو ریاض پہنچیں گے۔ 5 ہفتوں کی مختصر مدت کے دوران وزیراعظم کی دوسری مرتبہ سعودی عرب کی یاترا ہو گی۔ 23 اکتوبر کو سعودی عرب میں ہونے والی مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات پر تین روزہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کانفرنس میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی مواقع پر روشنی ڈالیں گے جبکہ آئندہ سال کے وژن سے دنیا کو آگاہ کیا جائیگا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں شیڈول کا حصہ ہے۔ وزیراعظم، شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پروگرام سے بچنے کے لیے مالی امداد کا حصول ہے۔ وزیراعظم سعودی شاہی خاندان کو مالی امداد کے حوالے سے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان موجودہ معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب اور چین سے 5 ارب ڈالر ملنے کی تلاش میں ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا دورہ آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکیج کے حصول کیلئے طے شدہ مذاکرات سے محض دو ہفتے قبل کیا جا رہا ہے جو کہ 7 نومبر کو شروع ہو رہے ہیں۔