Monday, September 16, 2024

‘ وزیراعظم کو ڈاکٹروں نے بلایا‘ جب وہ کہیں گے واپس آ جائینگے ’

‘ وزیراعظم کو ڈاکٹروں نے بلایا‘ جب وہ کہیں گے واپس آ جائینگے ’
April 13, 2016
اسلام آباد (92نیوز) چودھری نثار نے کہا ہے کہ وزیراعظم علاج کیلئے برطانیہ گئے ہیں، کسی سے ملنے نہیں۔ ان کا میڈیکل ایشو نیا نہیں ہے۔ نواز شریف کسی کو بھی اپنی بیماری کے بارے میں نہیں بتاتے۔ دو تین ہفتوں سے ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔ دل کی دھڑکن خراب ہونے کی وجہ سے بلیڈنگ شروع ہوئی اور مسئلہ زیادہ خراب ہوگیا۔ علاج کے بعد جلد سے جلد وطن واپس آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے پاناما لیکس الزامات کی تحقیقات کیلئے جسٹس (ر) ناصر الملک، تصدق جیلانی، امیر الملک اور جسٹس (ر) سائر علی سے درخواست کر دی ہے مگر ججز اس مسئلے میں آنے سے کترا رہے ہیں۔ اپوزیشن فیصلہ کرے کہ تحقیقات کس سے کرانی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن نے دانشوری کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔ وزیراعظم کے بیٹے بیرون ملک کاروبار کر رہے ہیں تو و ہی جوابدہ ہیں۔ نوازشریف نے اپنے بچوں کے لیے باہر ہی بزنس کرنا مناسب سمجھا۔ وفاقی وزیر نے عمران خان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ جس صحبت میں وہ رہتے ہیں اگر وہ پبلک ہو جائے تو پھر تماشے لگیں گے۔ گردن تک کرپشن کے الزام میں پھنسے اسمبلی میں پارسا بنتے ہیں۔ چودھری نثار نے کہا وزیر اعظم نواز شریف علاج کے لیے برطانیہ گئے ہیں۔ وزیر اعظم اپنی بیماری سے متعلق کسی کو نہیں بتاتے۔ اس ملک میں تو شاید بیمار ہونا بھی گناہ ہے۔ وزیر اعظم جلد سے جلد وطن واپس آئیں گے۔ انہوں نے کہا اسلام آباد میں جلسہ نہ کرنا میری انا کا مسئلہ نہیں ہے۔ سوائے ریڈ زون کے جہاں بھی جلسہ ہو اسلام آباد کے شہریوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ جہاں بھی جلسہ ہو اس پر کنڈیشن ہوگی کہ دائرے سے باہر نہ نکلا جائے۔ کہیں چڑھائی کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے روکنے کے لیے ایکشن لیا جائے گا۔ اگر یہ شرط مان لی گئی تو پھر دیکھیں گے۔