Sunday, September 8, 2024

وزیراعظم عباسی کی نیویارک میں نائب امریکی صدر مائیک پنس سے ملاقات

وزیراعظم عباسی کی نیویارک میں نائب امریکی صدر مائیک پنس سے ملاقات
September 20, 2017

نیویارک (92 نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نیویارک میں نائب امریکی صدر مائیک پنس سے ملاقات۔ دو طرفہ امور پر گفتگو۔ خطے کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔ امریکی نائب صدر نے شاہد خاقان عباسی کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا امریکا پاکستان سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ خطے کی سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملے۔

پاکستان اور امریکا کی تلخیوں کے بعد اہم ملاقات، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور نائب امریکی صدر مائیک پنس نے دوطرفہ امور پر گفتگو کی۔ تعلقات بڑھانے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دے دیا۔

ملاقات کے دوران امریکی نائب صدر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ مائیک پنس نے کہا کہ وہ خطے کے امن اور سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری چاہتے ہیں، پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے پاکستان نے ہر معاملے پر اہم کردار نبھایا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نقصان برداشت کرنا پڑا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور باہمی تعلقات میں مضبوطی کا عزم بھی ظاہر کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم اور ایرانی صدر کی ملاقات میں باہمی امورعلاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ترک صدر رجب طیب اردون سے بھی ملاقات ہوئی جبکہ سری لنکن صدر بھی وفد کے ہمراہ شاہد خاقان عباسی سے ملے۔