Monday, May 13, 2024

وزیراعظم صاحب تنخواہ سے گزارا نہیں ہوتا تو بنی گالہ میں لنگر خانہ کھول لیں ، مریم اورنگزیب

وزیراعظم صاحب تنخواہ سے گزارا نہیں ہوتا تو بنی گالہ میں لنگر خانہ کھول لیں ، مریم اورنگزیب
January 21, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا وزیراعظم صاحب تنخواہ سے گزارا نہیں ہوتا تو بنی گالہ میں بھی لنگر خانہ کھول لیں۔ مہنگائی نے عوام کو ستایا تو اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کو نشانہ بنایا۔ بلاول بھٹو نے دھابیجی پمپ ہاؤس پراجیکٹ کے  افتتاح  کے موقع پر وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا عمران خان کی حکومت عوام کیلئے بن چکی عذاب، گندم بیچنے والے ملک کو خریدنے والا بنا دیا۔ اب مزید معاشی قتل برداشت نہیں کرسکتے۔ آج ایک نہیں دو پاکستان بن چکے۔ شاہد خاقان عباسی نے بھی وزیراعظم پر تنقید کے نشتر چلا دیئے اور بولے یہ اپنی ناکامی پر شرمندہ بھی نہیں۔ آٹا نہیں دے سکتے تو شرمندہ تو ہو جائیں۔ لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا وزیراعظم کا تنخواہ سے گزارا نہیں ہوتا تو بنی گالہ میں بھی لنگر خانہ کھول لیں، کہیں اے ٹی ایم نے پن نمبر تو نہیں بدل لیا۔؟  مزید بولیں کہ عمران خان کی جھوٹ، نالائقی اور نااہلی کی کوئی حد نہیں۔ ترقی کرتا پاکستان 16 ماہ میں لنگر خانہ بنا دیا گیا۔ عمران خان نے گزشتہ روز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بطور وزیراعظم انہیں جو تنخواہ ملتی اسے تو گھر کے خرچے بھی پورے نہیں ہوتے۔ اپوزیشن مطالبہ کر رہی ہے کہ وزیراعظم بیانات کی بجائے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھائیں۔