Saturday, May 18, 2024

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریز سے ملاقات

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریز سے ملاقات
September 22, 2017

نیویارک (92 نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریز سے ملاقات کی اور کشمیر اورافغانستان کے تنازعات سمیت دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سربراہ کی اُن اصلاحاتی اقدامات کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کیا جن کا مقصد عالمی ادارے کی استعداد کار میں اضافہ اور اسے مزید موثر بنانا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنوں کی حمایت کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بھارتی خلاف ورزیوں سے متعلق دستاویزی ثبوت بھی پیش کئے۔

وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن کی نگرانی کیلئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرگروپ میں توسیع پرزوردیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے افغانستان میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پراتفاق کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کوسراہا۔ انہوں نے قیام امن کی کوششوں میں پاکستان کی شمولیت اور کردار کیلئے عالمی ادارے کی جانب سے شکریہ اداکیا۔