Friday, March 29, 2024

وزیراعظم سے قانونی ٹیم کی ملاقات ، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے سے اگاہ کیا

وزیراعظم سے قانونی ٹیم کی ملاقات ، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے سے اگاہ کیا
November 28, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے قانونی ٹیم نے ملاقات کی۔ قانونی ٹیم نے وزیراعظم کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے سے اگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا عدالتی فیصلے سے اداروں میں تصادم اور ملک کی عدم استحکام کا شکار کرنے والوں کو مایوسی ہوئی ہو گی ،خصوصی طور پر بیرونی دشمنوں اور مافیا کو سخت مایوسی ہوئی۔ ادھر سپریم کورٹ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کر دی ، کیس کا مختصر فیصلہ سنایا گیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آرمی چیف کی تقرری 6 ماہ کے لیے ہو گی، قوانین بننے کے بعد مزید دیکھا جائے گا، ہم معاملہ پارلیمنٹ اور حکومت پر چھوڑتے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق پاک آرمی کا کنٹرول وفاق سنبھالتا ہے ، چیف آف آرمی اسٹاف کا تقرر صدر وزیراعظم کی مشاورت سے کرتا ہے، ہمارے سامنے یہ سوال آیا کہ کیا توسیع دی جاسکتی ہے یا نہیں ، آرمی چیف کی دوبارہ تعیناتی کے حوالے سے قانون خاموش ہے ۔ دوران سماعت عدالت نے جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف اور جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی  کی ریٹائرمنٹ کی دستاویزات پندرہ منٹ میں  طلب کیں ، پندرہ منٹ کے وقفے کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہوئی  تو اٹارنی جنرل نے دستاویزات پیش کر دیں ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کل کہا گیا جنرل ریٹائر نہیں ہوتا ، جب ریٹائر نہیں ہوئے تو پنشن نہیں ملے گی، درخواست پر سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل نے کہا کہ جو دستاویزات طلب کی گئی وہ منگوا لی ہیں ، تقرری آرٹیکل 243 کے تحت کی گئی ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ  یہ تقرری پہلے ہونے والی تقرریوں کے نوٹیفکیشن سے مختلف کیسے ہے ۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ یہ تقریری 243 ون بی کے تحت کی ہے ۔