Wednesday, May 8, 2024

وزیراعظم سے عاطف خان ، شہرام خان ترکئی کی ملاقات، صوبہ کے امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم سے عاطف خان ، شہرام خان ترکئی کی ملاقات، صوبہ کے امور پر تبادلہ خیال
January 29, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے عاطف خان اور شہرام خان ترکئی کی ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبہ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ سے متعلق خدشات سے آگاہ کیا۔ چند روز قبل شہرام ترکئی،عاطف خان کو کابینہ سے نکالا گیا تھا۔ عاطف خان اور شہرام ترکئی کے خلاف چارج شیٹ سامنے آگئی تھی ۔ وزراء وزیراعظم کے ویژن کے مطابق کام سرانجام نہ دے سکے تھے ۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی نشاندہی کے باوجود سیاحت کے فروغ پر کام نہیں ہو سکا تھا۔ گزشتہ دور حکومت میں خیبر پختونخوا میں تعلیم کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانے والے سینئر وزیرعاطف خان کو تحریک انصاف کا برانڈ ایمبیسڈر سمجھا جاتا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں انکے ذمے دیگر محکموں کیساتھ ساتھ سیاحت جیسا اہم شعبہ لگایا گیا تاہم وہ  وزیراعظم عمران خان  کے ویژن اور وفاقی حکومت کے نتیجہ خیز اقدامات کے باوجود صوبے میں سیاحت کے فروغ میں ناکام رہے تھے ۔ وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ کی نشاندہی، ای ویزا اور دیگر سفری سہولیات کے اجراء کے  باوجود  عاطف خان  سیاحوں کی بڑی تعداد کو خیبر پختونخوا کی حسین وادیوں میں لانے کا ٹاسک پورا نہ کرسکے تھے ۔ ادھر شہرام ترکئی کی بھی گزشتہ حکومت میں بطور وزیر صحت کارکردگی قابل تحسین رہی تھی تاہم ذرائع کے مطابق شہرام ترکئی  موجودہ دور میں بطور وزیر بلدیات وزیراعظم کے ویژن اور واضح ہدایات کے باوجود بلدیاتی انتخابات کا قانون منظور کرانے میں ناکام رہے تھے ۔ دونوں وزراء کی کارکردگی پارٹی اور صوبائی حکومت کیلئے مسلسل شرمندگی کی وجہ بنتی رہی تھی ۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے بار بار توجہ دلوانے اور مواقع فراہم کئے جانے کے باوجود وزرا ٹس سے مس نہ ہوئے تھے ۔