Saturday, May 11, 2024

وزیراعظم سے شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی ملاقات، پاک سعودیہ تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیراعظم سے شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی ملاقات، پاک سعودیہ تعلقات پر تبادلہ خیال
December 26, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاک سعودیہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کا وفد کے ہمراہ پہلا دورہ پاکستان مکمل ہو گیا۔ وزارت خارجہ آمد پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب اور وفد کا استقبال کیا ۔ وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ کی ہونے والی ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے ۔ وزارت خارجہ آمد پر سعودی وزیر خارجہ نے ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرت ہوئے جس میں دو طرفہ تعلقات، تنازعہ جموں و کشمیر ، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ سعودی وفد کیساتھ گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ دو طرفہ سطح پر کثیر الجہتی شعبہ جات میں تعاون کے مزید استحکام کیلئے پر عزم ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ ظہرانے کے بعد سعودی وفد وطن واپس روانہ ہو گیا۔