Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم سے سلطان بن سلمان کی ملاقات ، اسلاموفوبیا پر جوابی بیانیہ تشکیل دینے پر زور

وزیراعظم سے سلطان بن سلمان کی ملاقات ، اسلاموفوبیا پر جوابی بیانیہ تشکیل دینے پر زور
November 26, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے سعودی شہزادہ سلطان بن سلمان کی ملاقات ہوئی۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے اسلاموفوبیا پر جوابی بیانیہ تشکیل دینے پر زور دیا۔ وزیر اعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی خسرو بختیار اور سیکریٹری خارجہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے اسلامو فوبیا سے متعلق اقدامات اور مؤثر بیانیے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسلامی تہذیب کو اجاگر کرنے کے لیے نوجوانوں کی شمولیت یقینی بنانا چاہیئے۔ سعودی شہزادے سلطان بن سلمان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کو اسلام سے متعلق غلط فہمیوں کے خاتمے کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی۔ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں فلاحی کاموں پر سعودی شہزادے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی تعلقات ہیں۔ معاشی تعاون اور اقتصادی اقدامات پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں۔