Friday, March 29, 2024

وزیراعظم سے حزب اسلامی افغانستان کے رہنما گلبدین حکمت یار کی ملاقات

وزیراعظم سے حزب اسلامی افغانستان کے رہنما گلبدین حکمت یار کی ملاقات
October 20, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے حزب اسلامی افغانستان کے رہنما گلبدین حکمت یار کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانی عوام کو اپنا بھائی سمجھتا ہے۔ وزیراعظم نے افغانستان سے قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور خطے میں امن افغان امن عمل سے منسلک ہے۔ پہلے بھی کہا تھا افغانستان تنازعے کا فوجی حل نہیں۔ افغان مفاہمتی عمل اور افغانستان میں مزاکرات ہی مسئلے کا حل ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انٹرا افغان مزاکرات نے افغان قیادت کو دیرپا امن کا موقع فراہم کیا۔ افغان امن عمل کے لیے پاکستان نے مثبت کردار ادا کیا۔ امید ہے افغان پارٹیز سیاسی استحکام کے لئے کام کریں گی۔ ادھر حزب اسلامی ، افغانستان کے رہنما گلبدین حکمت یار نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان ایک جیسی تاریخ ، ثقافت اور مذہب کے حامل ہیں ۔ دونوں برادر ممالک باہمی مفاد کیلئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں قیامِ امن سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہو گا۔ امید ہے کہ امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدے سے افغانستان میں امن و استحکام آئے گا۔ صدر مملکت نے افغان مہاجرین کو دی جانے والی امداد ، کووڈ 19 کے دوران راہداری اور دوطرفہ تجارت کے لئے سرحد کھولنے اور افغان شہریوں کے لئے نظر ثانی شدہ ویزا پالیسی کا ذکر کیا۔ حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے عمل کے فروغ کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔