Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم سے جواب مانگنا اپوزیشن کا حق ہے: عمران خان

وزیراعظم سے جواب مانگنا اپوزیشن کا حق ہے: عمران خان
January 17, 2017

اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے جمہوریت میں وزیراعظم سے جواب طلب کرنا اپوزیشن کا حق ہوتا ہے۔ نوازشریف نےاسمبلی کی تقریرمیں جھوٹ بولا، اسمبلی کی تقریر کو آن ریکارڈ لانے سے ڈر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا شریف خاندان کے درباریوں کا کام صرف صفائیاں دینا ہے۔ ساری قوم کو پتہ ہے کہ نوازشریف جھوٹ بول رہے ہیں۔ جمہوریت میں اپوزیشن جواب مانگتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر لفظوں کی جنگ چھڑ گئی۔ پہلے ن لیگی رہنماؤں نے جی بھر کر عمران خان کے خلاف اپنے دل کا غبار نکالا اور بعد میں کپتان نے جارحانہ انداز اپنایا اور نوازشریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کا وکیل عدالت میں استثنی مانگ رہا ہے جس کا مطلب ہے کہ اسمبلی میں جھوٹ بولا گیا۔ ایسےوزیراعظم کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے۔

منی ٹریل کے سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا ہم بھی اس کا انتظار کر رہےہیں۔ قوم جاننا چاہتی ہے وزیراعظم کے بچوں کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا۔ پاناماکیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر سیاسی نعروں کی گونج بھی سنائی دیتی رہی۔ مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے اراکین نے اپنے اپنے قائدین کے حق میں زوردار نعرے بازی کی۔