Sunday, May 19, 2024

وزیراعظم سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیراعظم سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
May 24, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین تعاون بڑھانے اور خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی بارے تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس سے قبل ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کے دفترخارجہ پہنچنے پر پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ وزارت خارجہ میں پاکستان اور ایران کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے باہمی امور میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران میں طے شدہ فیصلوں پر عملدرآمد پر اظہار اطمینان کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران، امریکا کشیدگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر پرامن انداز سے حل کرنے کا حامی ہے، تمام شراکت داروں کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستانی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ایرانی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم کرنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ بھی ادا کیا۔