Friday, May 10, 2024

وزیراعظم جہاں بھی جائے این آر او کا راگ الاپتا ہے، بلاول بھٹو

وزیراعظم جہاں بھی جائے این آر او کا راگ الاپتا ہے، بلاول بھٹو
February 5, 2021

مظفرآباد (92 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا، وزیراعظم جہاں بھی جائے این آر او کا راگ الاپتا ہے۔ کشمیر کے الیکشن سے پہلے عمران خان وزیراعظم نہیں رہے گا۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پی ڈی ایم کے مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، کشمیر پر بدترین حملے پر کٹھ پتلی کا بیان یاد رکھا جائےگا، ماضی کے وزرائے اعظم نے کشمیر کی آواز کو پوری دنیا میں پہنچایا، نالائق وزیراعظم آزادی کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا، کشمیری عوام اور پیپلزپارٹی کا آج کا نہیں تین نسلوں کا ساتھ ہے۔ ذوالفقاربھٹو نے کہا تھا کشمیروں کے لیے ہزار سال جنگ لڑیں گے۔  بنیظیربھٹو نے کہا تھا جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا، ہمارا خون گرے گا۔

اُن کا کہنا تھا جہاں 500 روز سے زیادہ لاک ڈاؤن چل رہا ہے، وہاں کٹھ پتلی وزیراعظم نے کہا میں کیا کروں، اگر مودی کی فاشزم کو جواب دینا ہے تو ہم ان کو فاشزم سے جواب نہیں دے سکتے۔ اگر مودی کو جواب دے گا تو جمہوری پاکستان جواب دے گا۔

چیئرمین پی پی بولے کہ رات کے اندھیرے میں کلبھوشن کو این آر او دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ہمارے بہادرپائلٹ بھارتی جہاز کو گرا دیتے ہیں، بھارتی پائلٹ پکڑا جاتا ہے لیکن ہمارا وزیراعظم اسے چائے پلا کر واپس بھیج دیتا ہے۔

اُنہوں نے کہا ہمیں پتہ ہے اگر کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے کی اجازت دی جائے تو وہ اپنی آزادی خود حاصل کرسکتے ہیں۔ ہم آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کوئی پاکستانی عمران خان کو اس سرزمین کے مستقبل کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

اُن کا کہنا تھا، پی ڈی ایم 26 مارچ کو لانگ مارچ کا آغاز کرے گی، ہم اس ملک کے ہر کونے سے نکلیں گے، کشمیریوں کا قافلہ یہاں سے نکلے گا اور اسلام آباد پہنچے گا۔ کشمیر کے الیکشن سے پہلے اس حکومت کو گھر بھیج دیں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا ملک میں تاریخی مہنگائی اور غربت عمران خان کی تبدیلی کی وجہ سے آئی ہے۔ ہم عوامی حکومت قائم کریں گے، ہم آپ کو آزادی دلا کر رہیں گے۔