Friday, April 19, 2024

وزیراعظم ایک روزہ دورے کے بعد متحدہ عرب امارات سے وطن واپس پہنچ گئے

وزیراعظم ایک روزہ دورے کے بعد متحدہ عرب امارات سے وطن واپس پہنچ گئے
November 19, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے کے بعد متحدہ عرب امارات سے وطن واپس پہنچ گئے۔ عمران خان کی شیخ محمد بن زاید النہیان اور ہم منصب شیخ محمد بن راشد المکتوم سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ایک روزہ دورہ متحدہ عرب امارات  کے دوران  یو اے ای حکام سے ملاقاتیں کیں۔ مشترکہ اعلامیہ میں تجارتی اوراقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ملکوں نے تربیت، مشترکہ مشقوں اور دفاعی پیداوار میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں  نے زیر غور معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کی۔ ابو ظہبی کے ولی عہد نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی قربانیاں اورکاوشیں قابل تعریف ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران  خان  نے کہا کہ   شیخ زید بن سلطان النہیان پاکستان کے سچے دوست تھے۔ وزیر اعظم نے پولیو کے خاتمے کیلئے یو اے ای  کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ اس  سے قبل   وزیر اعظم عمران خان نے ابوظہبی میں واقع شیخ زید جامع مسجد کا دورہ بھی کیا۔ نماز ادا کی اور وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ وزیراعظم ابوظہبی سے دبئی پہنچے جہاں زبیل محل میں اپنے ہم منصب شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی جس میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات پہنچنے پر ابوظہبی کے ہوائی اڈے پر یو اے ای کے وزیرمملکت سلطان بن جابر نے وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔