Saturday, April 20, 2024

وزیراعظم اور نمائندہ خصوصی او آئی سی کی ملاقات کا اعلامیہ جاری

وزیراعظم اور نمائندہ خصوصی او آئی سی کی ملاقات کا اعلامیہ جاری
March 3, 2020

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان اور نمائندہ خصوصی او آئی سی یوسف الدوبے کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ وزیراعظم نے وفد کے بروقت دورہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا خیرمقدم کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے 5 اگست 2019 کے انڈیا کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے نتیجے میں جموں وکشمیر کے عوام کی غیر متزلزل حمایت فراہم کرنے پر او آئی سی کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے کہا 5 اگست 2019 سے 80 لاکھ کشمیری لاک ڈاؤن اور مواصلات کی بندش کی زد میں ہیں۔ انڈیا نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بنا دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیری اور پاکستانی عوام مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے او آئی سی اور امہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

 اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے او آئی سی وفد کو انڈیا میں فاشسٹ ہندوتوا نظریہ اور مسلمانوں پر مظالم سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا حالیہ دہلی اور 2002 میں گجرات کے مسلم کش فسادات میں مماثلت ہے۔ ہندوتوا کی صورتحال یہی رہی تو حالات مزید خراب ہونگے۔

وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر اور انڈیا میں مسلم کشی کے خلاف کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔