Saturday, April 20, 2024

وزیراعظم اور عمران خان کی نااہلی کی درخواستیں خارج

وزیراعظم اور عمران خان کی نااہلی کی درخواستیں خارج
November 28, 2016

اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن نے وزیراعظم نواز شریف اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواستیں خارج کر دیں۔ الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں سے استفسار کیا کہ ثبوت کہاں ہیں؟ وہ سنجیدہ ہیں تو مکمل شواہد کے ساتھ درخواست دیں۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کیمشن نے وزیراعظم نوازشریف اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کے لئے عام شہریوں کی درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزار منظور بھٹی نے موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم کے لندن میں علاج پر قومی خزانے کے کروڑوں روپے خرچ ہوئے، وزیراعظم سے پوچھا جائے کس قانون کے تحت بیرون ملک علاج کرایا جس پر الیکشن کمیشن  کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے علاج سے الیکشن کمیشن کا کوئی تعلق نہیں۔ عدالت سے رجوع کیا جائے۔

ایک اور درخواست گزار عبدالروف کا موقف تھا کہ عمران خان نے اپنی بہن کے نام پر آف شور کمپنی بنا رکھی ہے، شوکت خانم کے لئے جمع ہونے والا پیسہ وہاں خرچ ہوتا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ شوکت خانم ہسپتال کے لئے زکوۃ دی لیکن پیسے آف شور کمپنی میں لگا دیئے گئے۔ انھوں نے عمران خان کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آپ نے جو الزامات لگائے ثبوت کہاں ہیں؟ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی نااہلی کی درخواست نامکمل قرار دیکر مسترد کردی۔ الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ اگر وہ سنجیدہ ہیں تو مکمل شواہد کے ساتھ درخواست دیں۔ سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے دونوں درخواستیں عدم ثبوت کی بنا پر غیرسنیجدہ قرار دیکر خارج کردیں۔