Monday, September 16, 2024

وزیراعظم اور آرمی چیف کا گوادر ہوشاب شاہراہ کا معائنہ

وزیراعظم اور آرمی چیف کا گوادر ہوشاب شاہراہ کا معائنہ
February 3, 2016
کوئٹہ (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گوادر ہوشاب شاہراہ کا معائنہ ایک ہی گاڑی میں سفر کر کے کیا۔ جیپ آرمی چیف نے چلائی۔ وزیراعظم نے اعلیٰ معیار کی شاہراہ تعمیر کرنے پر سپہ سالار اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حکام کو مبارکباد دی۔ گوادر رتو ڈیرو ایم ایٹ موٹر وے کے سلسلے میں وزیراعظم نوازشریف نے گوادر ہوشاب شاہرا ہ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی موجود تھے۔ گوادر تربت ہوشاب شاہراہ کی لمبائی ایک سو ترانوے کلو میٹر ہے اور اسے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے تعمیر کیا۔ ہوشاب گوادر شاہر اہ ملک کے دیگر حصوں کو گوادر سے ملائے گی۔ افغانستان‘ چین اور وسطی ایشیا کی ریاستوں کا بھی اس شاہراہ کے ذریعے گوادر بندرگاہ تک رسائی ہو گی۔ افتتاح کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے آرمی چیف کے ہمراہ نئی سڑک پر سفر کیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فوجی جیپ خود ڈرائیو کی۔ وزیر اعظم نے بلوچستان کی سنگلاخ سرزمین پر اعلیٰ معیار کی شاہراہ تعمیر کرنے پر آرمی چیف کومبارک باد پیش کی اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے کام کو سراہا۔ اس سے پہلے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پسنی میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور وزیراعلیٰ سردار ثنااللہ زہری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی بلوچستان میں پاک فوج کے انجینئروں اور ایف ڈبلیو او کی طرف سے شاہراہوں کی تعمیرسے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔