Saturday, April 27, 2024

وزیراعظم احتساب کا عمل یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں ، فواد چودھری

وزیراعظم احتساب کا عمل یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں ، فواد چودھری
August 19, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا عمران خان کھاتا ہے نہ کھانے دیتا ہے۔ وزیراعظم احتساب کا عمل یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر وفاقی وزراء نے پریس کانفرنس کی۔ وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین ، وزیر توانائی عمر ایوب، وزیر مواصلات مراد سعید پریس کانفرنس میں شریک ہوئے۔ وزیر بحری امور علی زیدی، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا ، وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بھی پریس کانفرنس کا حصہ تھے۔ فواد چودھری نے کہا حکومتی سطح پر کرپشن ختم کر دی۔ وزراء پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں اپوزیشن ففتھ جنریشن وار، ناامیدی اور افراتفری پھیلا رہی ہے۔ ملک کیلئے اچھی خبریں آ رہی ہیں، یہی اپوزیشن کیلئے بری خبریں ہیں۔ وزیراعظم غریب کا خون چوسنے والے مافیاز کو نہیں چھوڑیں گے۔ کورونا وائرس کے بھونچال میں بڑے ممالک کے بھی چھکے چھوٹ گئے۔ پاکستان پر اللہ نے کورونا کے حوالے سے اپنا خاص کرم کیا۔ کورونا کے دوران حکومت نے فوڈسپلائی کی چین متاثر نہیں ہونے دی۔ حکومت اشیاء کی قیمتوں کو نیچے لانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا وزارت مواصلات میں سادگی اختیار کر کے 75 کروڑ روپے کی بچت کی۔ وزارت شفافیت کے تحت ای بلنگ، ای پروکیومنٹ، ای بولی کا آغاز کیا۔ 30 ستمبر تک 100 فیصد ای پروکیومنٹ پر چلے جائیں گے۔ وزارت مواصلات نے احتساب کرکے 12 ارب 56 کروڑ روپے واپس لایا۔ وزارت مواصلات کی آمدنی 53 سے 103 ارب روپے پر چلا گیا۔ نجی و سرکاری شعبہ میں 8 منصوبے رواں سال زیر غور ہیں۔ پی ایس ڈی پی میں کل تخمینہ 117 ارب کی ہے۔ تمام منصوبے 512 ارب روپے کے ہیں۔ ان میں بیرونی سرمایہ کاری بھی شامل ہے ۔ پوسٹل سروس کو جدید خطوط پر استوار کیا، آمدنی 10 سے 18 ارب روپے ہو گئی۔ کسی سپلیمنٹری گرانٹ کے بغیر موٹروے پولیس تمام نئے منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔ حادثات کے ردعمل کے وقت کو 7 منٹ سے 2 منٹ پر لے آئے ہیں ۔ 1122 موٹروے پر موجود، منی آپریشن تھیٹر لا رہے ہیں ۔ موٹرویز، ہائی ویز پر ڈرون ٹیکنالوجی سے پیٹرولنگ کا آغاز کر رہے ہیں۔ فہمیدہ مرزا کہتی ہیں مشترکہ مفادات کونسل کا جلد اپنا سیکرٹریٹ ہو گا۔ سیاحت کے فروغ کیلئے تمام صوبوں کو بٹھایا۔ جیلوں اور مدرسوں میں اسپورٹس متعارف کرائیں گے۔ اسپورٹس بورڈ کے ریونیو میں 42 فیصد اضافہ ہوا۔ شیریں مزاری نے کہا انسانی حقوق کے قوانین پر عملدرآمد کیلئے کوشاں ہیں۔ کئی قوانین پارلیمنٹ کی کمیٹیوں میں اٹکے ہیں۔