Friday, March 29, 2024

وزیراعظم آپریشن کے بعد ہوش میں آ گئے، معمولی بات چیت بھی کی

وزیراعظم آپریشن کے بعد ہوش میں آ گئے، معمولی بات چیت بھی کی
May 31, 2016
لندن (92نیوز) قوم کی دعائیں رنگ لے آئیں۔ وزیراعظم نوازشریف کا لندن میں دل کا آپریشن کامیاب رہا۔ ڈاکٹروں کے مطابق آپریشن میں کسی قسم کی پیچیدگی نہیں آئی۔ وزیراعظم نے ہوش میں آنے کے بعد بات چیت بھی کی۔ دو روز انتہائی نگہداشت یونٹ میں مانیٹرنگ کے بعد ان کی ایک ہفتے تک اسپتال میں ہی دیکھ بھال کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف منگل کی علی الصبح اہل خانہ کے ہمراہ اسپتال پہنچے جہاں ان کا مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے آپریشن شروع ہوا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آپریشن سے پہلے قرآن پاک کی تلاوت کی اور پاکستان میں والدہ کو ٹیلی فون کرکے اپنی صحت سے متعلق بتایا۔ وزیراعظم کا بائی پاس آپریشن ڈاکٹروں کی بیس رکنی ٹیم نے کیا جس کی قیادت ڈاکٹر ڈیوڈ کر رہے تھے جبکہ آپریشن چار سے پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔ سرجری کے فوری بعد وزیراعظم کو آپریشن تھیٹر سے ریکوری روم لایا گیا جہاں کچھ دیر رکھنے کے بعد انہیں آئی سی یومنتقل کیا گیا اور مصنوعی تنفس ہٹا دیا گیا۔ وزیراعظم اس دوران ہوش میں آ گئے اور انہوں نے معمولی بات چیت بھی کی۔ قوم کو سب سے پہلے وزیر اطلاعات پرویزرشید نے کامیاب آپریشن کی اطلاع دی جبکہ مریم نواز نے پاکستانیوں کو ٹوئٹر کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا۔ اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ ڈاکٹروں نے وزیراعظم کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم اور عالمی رہنماوں کی جانب سے وزیر اعظم کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کے اظہار پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا کہ آپریشن کی کامیابی پر وہ اللہ تعالی کے شکر گزار اور دعائیں کرنے پر قوم کے مشکور ہیں۔