Sunday, September 8, 2024

پاکستان کا امن مشن شروع‘ وزیراعظم اور آرمی چیف سعودی عرب روانہ

پاکستان کا امن مشن شروع‘ وزیراعظم اور آرمی چیف سعودی عرب روانہ
January 18, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیر اعظم نواز شریف سعودی عرب اور ایران میں مصالحت کرانے کیلئے دونوں ممالک کے دورے کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ اس اہم ترین دورے پر ان کے ہمراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ مشیرخارجہ سرتاج عزیز اور مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ بھی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور ایران میں حالیہ کشیدگی کو ختم کرانے کے لیے پاکستان متحرک ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت دونوں ممالک کے دورے کیلئے روانہ ہو گئی ہے۔ پاکستانی قیادت کا پہلا پڑاﺅ سعودی عرب میں ہو گا جہاں سعودی شاہ سلمان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ بعدازاں پاکستانی وفد کل ایران جائے گا۔ ترجمان وزیراعظم ہاﺅس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف منگل کو ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے۔ ایران کے دورے کے بعد وزیر اعظم سوئزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے لئے جا ئیں گے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں شیعہ عالم نمر النمر کو موت کی سزا دیے جانے کے بعد گزشتہ ماہ مظاہرین نے تہران میں واقع سعودی سفارت خانے اور مشہد میں سعودی قونصل خانے پر دھاوا بول دیا تھا۔ واقعے کے بعد سعودی عرب نے ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایران کے سفارتی عملے کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔ 56 سالہ شیخ نمر الباقر النمر کو 12-2011 ءمیں ملک کے سب سے بڑے مشرقی صوبے الشریقہ میں حکومت مخالف احتجاج کو منظم کرنے کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ان کے ہمراہ دیگر 46 افراد کو بھی دہشت گردی کا جرم ثابت ہونے پر موت کی سزا دی گئی تھی۔ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات میں گزشتہ کئی دہائیوں سے کشیدگی پائی جاتی ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد خلیجی ممالک نے بھی ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم پاکستان نے موقف اختیار کیا تھا کہ مناسب وقت آنے پر سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کیا جائے گا۔