Tuesday, April 23, 2024

وزیراعظم آج ویڈیولنک کے ذریعے وفاقی کابینہ، قومی اقتصادی  کونسل کے اجلاس سے خطاب کرینگے

وزیراعظم آج ویڈیولنک کے ذریعے وفاقی کابینہ، قومی اقتصادی  کونسل کے اجلاس سے خطاب کرینگے
May 30, 2016

اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعظم نوازشریف آج ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ اور قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ کابینہ کے اجلاس میں  بجٹ کی منظوری متوقع ہے۔ بجٹ  کے التوا سے متعلق تمام خدشات  دور ہو گئے۔ وزیراعظم نوازشریف علالت کے باوجود بجٹ اجلاسوں کی صدارت کریں  گے لیکن یہ اہتمام لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے ہو گا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہو گا جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر غور کرنے کے بعد اس کی منظوری دی جائے گی۔ بجٹ سمیت  دیگر ملکی معاملات کی انجام دہی کے لئے وزیراعظم ، وزرا اور سرکاری افسران سے مکمل رابطے میں ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف لندن میں پاکستانی ہائی کمشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے  قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے جس میں مجوزہ سالانہ ترقیاتی منصوبے اور سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعظم نوازشریف علالت کے باعث گذشتہ چند روز سے لندن میں مقیم ہیں جہاں منگل کے روز ان کی اوپن ہارٹ سرجری کی جائے گی۔ لندن میں قیام کے لئے وزیرِاعظم امور مملکت خود ہی سرانجام دے رہے ہیں اور ان کی معاونت کے لیے سرکاری افسران بھی لندن میں موجود ہیں۔