Thursday, May 2, 2024

وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے
September 16, 2018
کراچی ( 92 نیوز) وزیراعظم پاکستان عمران خان آج ایک روزہ  دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں ۔ وزیراعظم اسٹیٹ  گیسٹ ہاوس میں امن وامان اور شہرمیں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی بھی صدارت کریں گے ۔ کپتان کی وزیر اعظم  بننے کے بعد شہر قائد میں پہلی انٹری پر سب ہی کھلاڑی وزیر اعظم عمران خان کے پر تپاک استقبال کو تیار ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان اور سندھ کے وڈے سائیں کےدرمیان بھی آج پہلی با ضابطہ ملاقات ہوگی ۔ وزیر اعظم سب سے پہلے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دیں گے اور خان لیاقت علی خان و محترمہ فاطمہ  جناح کی قبروں پرفاتحہ خوانی کریں گے۔ وزیر اعظم گرین پاکستان مہم کے تحت اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں پودا لگائیں گے اور کراچی میں امن و امان و ترقیاتی منصوبوں سےمتعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہی وزیر اعظم اتحادی جماعتوں ایم کیوایم  اور جی ڈی اے کے وفود سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے  جبکہ تاجروں اور صنعتکاروں کے نمائندے  بھی وزیر اعظم سے  ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم گورنر  ہاؤس میں ڈیم  فنڈ ریزنگ تقریب میں شریک ہونگے  جبکہ پارٹی رہنماؤں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کی بھی  صدارت کریں گے ۔