Saturday, April 27, 2024

وزیر ریلوے شیخ رشید کا شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

وزیر ریلوے شیخ رشید کا شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان
January 12, 2019
 لاہور (92 نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا عمران خان کو خط لکھوں گا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں اپنے کسی ممبر کو ڈراپ کریں۔ وزیر ریلوے نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا زرداری اور شریف خاندان کا سیاسی مستقبل تاریک ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص کے لئے کوئی نہیں نکلا۔ انہوں نے بلاول کو زرداری سے بچنے کا مشورہ بھی دیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ جس پر ماڈل ٹاؤن سمیت121 کیسز ہوں کیا وہ قوم کا احتساب کرے گا۔ جب چیخیں آنا شروع ہوں سمجھ جائیں یہ این آر او مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پی اے سی میں مسلم لیگ ن کا احتساب کروں گا۔ شریف خاندان اور زرداری کی سیاست کو اب نہیں دیکھ رہا۔ شہباز شریف کے خلاف عدالت جانے کی تیاری کر لی ہے۔ وزیر ریلوے نے اپنے محکمے کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے سال کے آخر تک بیس فریٹ ٹرینیں چلانے کا دعوی کیا اور ریل گاڑیوں میں فائیو اسٹار ہوٹل جیسی آسائشیں فراہم کر کے کرائے بڑھانے کی خبر بھی سنا دی۔ وزیر ریلوے نے کہا ہم نے چوبیس گھنٹے دفتر شروع کیا۔ ایک مہینے میں 41 ہزار ٹکٹوں کا فرق پڑا۔ تمام نئی ٹرینیں کامیابی سے چل رہی ہیں۔ دوہفتوں میں ریلوے کو 10 کروڑ روپے کی آمدن ہوئی۔ شیخ رشید نے کہا روہڑی سٹیشن پر نیا پلیٹ فارم بنانے جارہے ہیں۔ روہڑی میں سندھی ثقافت کے مطابق نیا ریلوے سٹیشن بنا رہے ہیں۔