Friday, March 29, 2024

وزیر ریلوے شیخ رشید کا 34 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان

وزیر ریلوے شیخ رشید کا 34 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان
March 21, 2020
لاہور (92 نیوز) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے باعث وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی 34 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔ کہتے ہیں 25 مارچ سے 142 میں سے 11 اپ اور 11 ڈاؤن ٹرینیں بند ہوں گی۔ مکمل لاک ڈاؤن کا حامی نہیں ہوں، وزیر اعظم سے اس معاملے پر متفق ہوں۔ وفاقی وزیر شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کل سے 6 اپ اور 6 ڈاؤن کل 12 ٹرینیں بند ہوں گی، یہ ٹرینیں بند نہیں ہوئیں، بلکہ ملتوی ہوئی ہیں۔ 8 ٹرینیں یکم اپریل سے معطل ہوں گی، حالات بہتر ہوتے ہی ٹرینیں بحال کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چھٹیوں میں لوگوں کو سفر نہیں کرنا چاہئے، لیکن کچھ لوگ سفر کر رہے ہیں۔ غیر ضروری سفر سے اجتناب برتا جائے۔ ہمارے 7کروڑ سالانہ مسافر ہیں، ہمارا 15 یا 20فیصد مسافر کم ہوا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تنخواہ کوئی مسئلہ نہیں ہے، صرف پینشن کا ایشو ہے، ریلوے کی پینشن حکومت اٹھا لے، یہ عمران خان سے میں نے استدعا کی ہے۔ وزیر ریلوے بولے کہ خوف اور پینک وائرس سے زیادہ خطرناک ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اپوزیشن بہت اہم ذمہ داری نبھارہی ہے، ایسا تاریخ میں کبھی نہیں ہوا کہ اپوزیشن نے اتنی ذمہ داری کا ثبوت دیا ہو۔ کورونا پر محکمہ صحت ہی بہتر جواب دے سکتا ہے۔