Sunday, September 8, 2024

وزیر داخلہ نے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز کی فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری کر دیئے

وزیر داخلہ نے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز کی فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری کر دیئے
July 20, 2016
اسلام آباد(92نیوز) وزیر داخلہ نے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز کی فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری کر دیئے۔ انہوں نے نیکٹا کو ملک بھر میں اعلی عدلیہ کے ججوں کی سکیورٹی کے لئے ایک فریم ورک تیار کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔چودھری نثارنے  نیکٹا کو منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق بھی خصوصی ہدایت جاری کر دی ہیں ۔ تفصیلات کےمطابق وفاقی وزارت داخلہ میں وزیرداخلہ کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ۔اجلاس میں سپریم کورٹ ،ہائی کورٹس اور ججز کی سکیورٹی سمیت مختلف ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیرداخلہ نے مختلف اداروں کو احکامات بھی جاری کئے ۔ وزیرداخلہ نے سپریم کورٹ ،ہائی کورٹس اور ججز کی فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری کرنے کےسا تھ ساتھ نیکٹا کو ملک بھر میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی سکیورٹی کیلئے ایک فریم ورک تیار کرنے کا حکم بھی دیا ۔ چودھری نثار نے ایف آئی اے اور نیکٹا کو منی لانڈرنگ اور بیرون ملک سے آںیوالے مسافروں سے پیسوں کی تفصیلات بھی اکٹھی کرنے کا حکم دیا ہے ۔اجلاس میں وزیرداخلہ کو نادرا کے حکام نے بھی شناختی کارڈز کی تصدیق سے متعلق بریفنگ دی ۔ نادرا حکام کا کہنا تھا کہ بیس دنوں میں 19لاکھ خاندانوں کے سربراہان کی دوبارہ تصدیق کی ہے جکبہ 13لاکھ شہریوں نے ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے خاندان کے کوائف چیک کئے ۔ حکام نے بتایا ہے کہ پانچ لاکھ چھیاسی ہزار شہریوں کو ایس ایم ایس کئے گئے ہیں جبکہ نادرا کو 36ہزار اعتراضات موصول ہوئے ہیں ۔ دوسری طرف 13ہزار غیرملکیوں کی شناخت بھی کی گئی ہے ۔ قبل ازیں چودھری نثار نے برطانیہ کے پاکستان میں متعین ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔