Thursday, April 25, 2024

وزیر داخلہ شیخ رشید کی پی ڈی ایم کو لاہور میں جلسے کی اجازت

وزیر داخلہ شیخ رشید کی پی ڈی ایم کو لاہور میں جلسے کی اجازت
December 11, 2020

لاہور (92 نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ڈی ایم کو لاہور میں جلسے کی اجازت دے دی۔ کہتے ہیں کوئی کنٹینرلگے گا نہ ہی کہیں روک ٹوک ہوگی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، اپوزیشن اس مینار پاکستان سے سیاست میں نیچے جائے گی، عمران خان تمہارے جلسے سے کہیں نہیں جائے گا، ہم نے بھی اسلام آباد میں دھرنا دیا تھا، مزید کہا اقتدار کے بھوکے اتوار بازار لگانے جارہے ہیں، دل کے اندر کی بات باہر لائیں آپ کس سے بات کرنا چاہتے ہیں؟۔

انہوں نے کہا، میرا دل گواہی دیتا ہے کہ عمران خان تمام مسائل سے کامیاب ہو کر نکلے گا۔ ملک میں لوٹ مار کا دور ختم ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کا مشکور ہوں، وزیراعظم نے مجھے بطورِ وزیر داخلہ نئی ذمہ داری دی ہے۔ جدید ترین بارڈرسسٹم کو لاؤں گا، غریب لوگوں کو پاسپورٹ کی سہولت پہنچاؤں گا جبکہ امیگریشن سہولیات بہتر کروں گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ تمام مدارس اسلام کے مینار ہیں، ملک کو بیرونی طاقتوں سے نہیں بلکہ اندر سے خطرہ ہے، ملک کو انتشار کا شکار کرنے کیلئے بیرونی فنڈنگ کی جارہی ہے۔ اسلام کا سپاہی ہوں، عمران خان کے دور میں رسول اللہﷺ کا الم بلند ہوگا۔

شیخ رشید بو لے کہ مجھے کوئی ٹاسک نہیں دیا گیا، مجھے اپنی ذمہ داری کا پتہ ہے، پی ڈی ایم کے پلگ میں کچرا پھنسا ہوا ہے، یہی اپوزیشن رہی تو عمران خان اگلا الیکشن بھی بھرپورطریقے سے جیتے گا۔ عمران خان اور حکومت کیلئےخوشخبریاں اوراپوزیشن کیلئےناکامیاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کو لانے کیلئے حکومت پوری کوشش کر رہی ہے، چھوٹی چھوٹی مشکلات ہیں جنہیں دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ شبلی فراز زبردست کام کر رہے ہیں، میری سپورٹ ان کے ساتھ ہے، ایم ایل ون اور کے سی آر پر کام جاری ہے، اب سواتی صاحب لگے ہیں مجھ سے بہتر کام کریں گے۔